انقرہ،14جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)جرمنی نے کہا ہے کہ اگر ترکی نے جرمن ارکان پارلیمان کو اِنجرلِک ایئربیس کا دورہ نہ کرنے دیا تو وہ وہاں تعینات اپنے فوجی واپس بلا لے گا۔ انقرہ حکومت نے سو سال قبل سلطنت عثمانیہ کے دور میں آرمینیائی باشندوں کے قتل عام کو نسل کشی قرار دینے کے جرمن پارلیمانی فیصلے کے بعد جرمن قانون سازوں کو اِنجرلِک ایئربیس کا دورہ کرنے سے روک دیا تھا۔ نیٹو کے رکن ان دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کا ایک واضح اشارہ یہ بھی ہے کہ جرمنی کے نائب چانسلر زیگمار گابریئل نے کہا ہے برلن حکومت ترکی میں تعینات اپنے فوجی واپس بھی بلا سکتی ہے۔ یہ فوجی نیٹو آپریشن کے تحت عراق میں داعش کے خلاف کارروائیوں کے لیے وہاں تعینات ہیں۔